کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام’ آپس کی بات ‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا ہے کہ ہم ماڈل ٹاؤن جیسی کوئی مثال قائم نہیں کرسکتے،ن لیگ کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا کہ ساہیوال میں جو گولیاں برسائی گئیں وہ لوگ باعزت بری ہوگئے،پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہاکہ یہ احتساب ہو رہا ہے یا انتقام ہورہا ہے، تحریک انصاف کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ ہم میں اور مسلم لیگ میں فرق یہ ہے کہ ہم کوئی ماڈل ٹاؤن جیسی مثال قائم نہیں کرسکتے۔ ہم جو کل کہتے تھے اس پر آج بھی قائم ہیں کہ جو احتجاج کر رہا ہے اس کو کوئی لاٹھی نہ مارے اسی وجہ سے ہم نے پرامن طریقے سے روکنے کی پوری کوشش کی ہے جب یہ حد سے باہر ہوئے ہیں تو ہم نے چھوڑ دیا ہے جبکہ ہم نے اپنے احتجاجوں میں آنسو گیس کھائی ہے دہشت گردی کے پرچے کٹے ہیں۔ آج جو پرچے ہو رہے ہیں وہ وباء کے پھیلانے پر ہو رہے ہیں۔ رہنما پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری منظور احمدنے کہاکہ یہ اجازت دینے یا نہ دینے والے کوئی نہیں ہوتے انہوں نے مسلسل روکا گرفتاریاں کیں علی موسیٰ گیلانی کو گرفتار کیا پیرکو لاہور ہائیکورٹ نے علی گیلانی سمیت جتنے درجنوں لوگ تھے ان کی رہائی کا حکم دیا اور کہا کہ رکاوٹیں ہٹائیں اور لوگوں کو اپنا حق استعمال کرنے دیں۔مسلم لیگ نون کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اس سے پہلے جتنے جلسے ہوئے سب گواہ ہیں کہ بہت پرامن طریقے سے ہوئے ملتان میں بھی اسی طرح ہونا تھا۔