اسلام آباد ( نیوزایجنسیاں ) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آج کا دن بہت اہم ، نمبرز پورے ،وزیراعظم سرخرو ہونگے ،الیکشن کمیشن کی بجائے ہمیں ’’ اعتماد کے الیکشن‘‘ کی جانب دیکھناچاہیے ، عمران خان نئی سیاسی زندگی کا آغاز کرنے جارہے ہیں، اگر خدانخواستہ کوئی اپ ڈائون ہوگیا تو پھر اپوزیشن کیلئے بھی کچھ نہیں بچے گا ۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان آج ہفتے کو نئی سیاسی زندگی کا آغازکرنے جارہے ہیں اور وہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے جارہے ہیں لہذا ہمیں الیکشن کمیشن کی بجائے اعتماد کے الیکشن کی جانب دیکھنا چاہیے، اگرخدانخواستہ اعتماد کے ووٹ کے دوران کوئی اپ ڈائون ہو گیا تو پھر اپوزیشن کے لئے بھی مشکلات پیدا ہوں گی اور کچھ نہیں بچے گا ،سینیٹ الیکشن کے دوران 16 نہیں زیادہ بندے ادھر ادھر ہوگئے تھے تاہم وزیراعظم کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں بندے پورے تھے ، سینیٹ الیکشن میں بیلٹ پیپرز پر ٹک کا مسئلہ ہوتا ہے مگر اعتماد کے ووٹ کے دوران کسی ’’ٹک ٹاک‘‘ کا مسئلہ نہیں ہوگا، سب لوگ ہاتھ کھڑے گئے ہیں اور عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہو جائیں گے ، وزیراعظم سچ کے ساتھ کھڑے ہیں ،آج اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد چھ ماہ تک پھر کوئی تحریک عدم اعتماد نہیں پیش کر سکے گا ، اپوزیشن جماعتوں نے ڈھائی سال پوری کوشش کی کہ وزیراعظم عمران خان ناکام ہوں لیکن وہ نہیں ہوئے، سینیٹ الیکشن کی لڑائی زرداری نے لڑی ہے۔