لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی سیاست میں جھوٹ، خریدوفروخت اور الزام تراشیوں کا دور دورہ ہے۔ تینوں پارٹیاں پانی میں مدھانی چلا رہی ہیں، جس سے عوام کو کبھی مکھن نصیب نہیں ہو گا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سٹیٹس کو کی غلام ہیں۔چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کسی جماعت کو حمایت کی یقین دہانی نہیں کروائی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ عربیہ گوجرانوالہ میں تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بھیڑ بکریوں کی طرح انسانوں کی خریدوفروخت ہوتی ہے۔ وزیراعظم اب الیکشن کمیشن کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں، اگر ان کی جماعت جیت جائے تو انھیں کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ 22 کروڑ عوام کو اسلامی نظام چاہیے۔ اسلامی نظام نہیں تھا تو مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا، کشمیر بغیر جنگ کے بھارت کو سونپ دیا گیا۔ علماء جدید اور قدیم علوم میں فرق نہ کریں۔ امت کو جوڑنے کے لیے کردار ادا کریں۔ پھر مطالبہ کرتا ہوں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین کو ہٹایا جائے اور کسی سنجیدہ آدمی کو یہ عہدہ دیا جائے جو علی گیلانی کی قربانیوں کو جانتا ہو۔