تہران (اے ایف پی /جنگ نیوز )ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس نے ایک مبینہ حملہ آور کی جانب سے جہاز کو ہائی جیک کرکے مقامی پرواز کو پڑوسی خلیجی ملک لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔اے ایف پی کے مطابق پاسداران انقلاب کی ʼسپاہ نیوز ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ʼگارڈز کے چوکس ہونے کی وجہ سے ایران ایئر کے فوکر 100 جہاز کو ہائی جیک کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ ʼجہاز نے ہائی جیکنگ کی کوشش سے قبل اہواز ایئرپورٹ سے مشہد کے لیے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 10منٹ پر اڑان بھری تھی۔پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ ʼجہاز کی وسطی ایران میں اصفہان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے بعد منصوبے کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جہاز کے مسافروں کو بحفاظت دوسرے طیارے کے ذریعے ان کی حتمی منزل کی طرف روانہ کردیا گیا جبکہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔