• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج پتہ چل جائے گا عمران خان کیساتھ کون ہے: زرتاج گل

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما و وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل کہتی ہیں کہ آج پتہ چل جائے گا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ کون کھڑا ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما و وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیرِ اعظم عمران خان کو ووٹ دینے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان بہت بہادر انسان ہیں، وہ حق پر کھڑے ہیں۔

زرتاج گل کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) عدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتی تھی، عمران خان نے خود کو پیش کردیا ہے۔


وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کا کہنا ہے کہ جو وزیرِ اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے وہ ملک کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ ڈالنے کیلئے ارکان 11 بجے کا انتظار بھی نہیں کر رہے، ارکانِ اسمبلی 10 بجے سے پہلے ہی پارلیمنٹ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، آج عمران خان کی فتح ہو گی۔

زرتاج گل نے مزید کہا کہ گھوڑے، چالباز لوگوں اور پی ڈی ایم کا حال آپ پہلے ہی دیکھ چکے ہیں، جو چوروں کو پناہ دینا چاہتے تھے انہوں نے چیزوں کو توڑ مروڑ کر پیش تو کرنا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں نے تو کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نوٹس لے کہ ووٹ کی سکریسی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) والوں کو کیسے پتا چل گئی۔

واضح رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع پارلیمنٹ ہاؤس میں آج صبح مشترکہ ناشتے کے اہتمام کیا گیا، ناشتے میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی شریک ہیں، جبکہ پارلیمنٹیرینز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔


وفاقی کابینہ کے ارکان، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتہ میں شریک ہیں۔

اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے اراکین کو ناشتے کی دعوت دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے ارکان ناشتے کے لیے 11 بجے ایک ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتے کی بیٹھک میں حکومت و اتحادی مشترکہ حکمتِ عملی طے ہو گی۔

تازہ ترین