کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹ میں عددی برتری کی وجہ سے سینیٹ کے چیئرمین کا انتخاب ہم جیتیں گے،واوڈا اور ابڑو جلد نااہل ہوجائینگے، جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم سمیت سب کے پاس جاکرسینیٹ کیلئے مدد مانگیں گے، عمران خان نے ان ممبران کو جنہوں نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا اور جن کی ویڈیو منظر عام آئی ان کو معاف کرکے اپنی پارٹی کے لوگوں کو این آر ا و دیا ہے، عمران خان کو ناشتہ اگر ٹھیک نہ دیا جائے تو وہ کہتے ہیں کہ ان کو این آر او نہیں ملے گا، یہ بات انہوں نے کراچی چڑیا گھر کے دورے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی چڑیا گھر سے مختلف شکایات موصول ہو رہی تھیں اس لئے میں یہاں دورے کے لئے آیا ہوں، جانوروں کو اچھا ماحول دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں موسم کے لحاظ سے انہیں سہولیات مہیا کی جائیں اور شہریوںکو بھی سہولیات فراہم کی جائیں۔