راولپنڈی (نمائندہ جنگ)تھانہ ریس کورس کے ایس ایچ اوانسپکٹرمیاں عمران عباس نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہیدہو گئے، عمران عباس اہلیہ کے ہمراہ جارہے تھے ،موٹر سائیکل سواروں نے ہدف بنا کر شہید کیا ، جبکہ تھانہ گولڑہ کے علاقہ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اسلام آبادپولیس کا ہیڈ کانسٹیبل شہیداورسب انسپکٹرسمیت دوملازمین زخمی ہوگئے،ذرائع کے مطابق 42سالہ انسپکٹرمیاں عمران عباس اتوارکی شام پانچ بجے کے قریب پولیس لائن نمبرایک میں اپنی رہائش گاہ سے اپنی گاڑی میں نکلے اورجھنڈاچوک میں واقع پٹرول پمپ پرگاڑی پارک کی اورسروس کرانے کے لئے گاڑی پمپ والوں کے حوالے کی، اسی دوران ان کی اہلیہ دوسری گاڑی لے کروہاں پہنچی اوردونوں میاں بیوی ذاتی ہنڈاسوک گاڑی میں روانہ ہوئے، میاں عمران خودگاڑی چلارہے تھے جب وہ پنجاب ہاؤس (نزد کچہری چوک )سے کچھ فاصلے پرواقع راولپنڈی جم خانہ کے سامنے پہنچے توعقب سے آنے والے موٹرسائیکل پرسواردونامعلوم نقاب پوشوں نے ڈرائیونگ سیٹ پران کی گاڑی کے بالکل ساتھ موٹرسائیکل لگاکران پرفائرکیاجوڈرائیونگ سیٹ والے دروازے کے شیشے کوچیرتے ہوئے ان کی گردن میں دائیں سائیڈسے پیوست ہوکربائیں جانب سے نکل گیا اوروہ شدیدزخمی ہوگئے، انہیں فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال لے جایاگیا جہاں وہ چندساعتوں کے بعدخالق حقیقی سے جاملے ۔،شہید انسپکٹر کے پسماندگان میں بیوہ ماں ،کے علاوہ دوبیٹے ایک بیٹی اوربیوہ ،دوبہنیں اورایک بھائی شامل ہے ۔ یاد رہے کہ انسپکٹرمیاں عمران عباس کے والد سب انسپکٹر میاں محمد عباس بھی دوران سروس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوئے تھے ،علاوہ ازیں تھانہ گولڑہ کے علاقہ میں موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک اسلام آبادپولیس کا ہیڈ کانسٹیبل شہیداورسب انسپکٹرسمیت دوملازمین زخمی ہوگئے۔