ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ لیاری میں چینی باشندے پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگیٹڈ لگتا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض نے میڈیا سے گفتگو کے دوران لیاری بغدادی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے سے متعلق کہا ہے کہ فائرنگ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی گاڑی پر کی گئی تھی، چینی باشندہ شیشہ لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔
جاوید اکبر ریاض نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فائرنگ کرنے والے 2 افراد موٹرسائیکل پرسوار تھے، چینی باشندہ ایریا وزٹ پر آیا ہوا تھا، گاڑی میں ڈرائیور اور چینی باشندے کا ترجمان موجود تھا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق فائرنگ سے گاڑی میں بیٹھا کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، چینی باشندہ بھی شیشہ ٹوٹ کر لگنے سے زخمی ہوا جبکہ ایک راہ گیر فائرنگ کی زد میں آ کر زخمی ہوا۔
جاوید اکبر ریاض کا کہنا تھا کہ موقع سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 2 خول ملے ہیں، گولیوں کے خول کو فرانزک کے لیے بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے کے شواہد سامنے نہیں آئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چینی باشندے صفائی کے سلسلے میں آتے جاتے رہتے ہیں، خوف و ہراس پھیلانے کی سازش معلوم ہوتی ہے۔