امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو جتنی جلدی ایک سمجھ لیں اتنا ہی اچھا ہوگا۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ ملکی سیاست میں دو نام نہاد دھڑے کبھی متحارب تو کبھی شیر و شکر ہوجاتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عوام پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو جتنی جلدی ایک سمجھ لیں اتنا ہی اچھا ہوگا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے غریب و سفید پوش طبقہ کے مسائل کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی ڈھائی برسوں میں کسی شعبے میں ڈلیور نہیں کرسکی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں خواتین کا استحصال ہورہا ہے، 5 سے 16 سال تک کی 56 فیصد بچیاں اسکول نہیں جاتیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پونے دو لاکھ کے قریب پرائمری اسکولز میں سے بچیوں کے لیے صرف 40 ہزار اسکولز ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ 98 فیصد غریب دیہاتی خواتین کو صحت کی بہتر سہولتیں دستیاب نہیں ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ جماعتِ اسلامی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ خواتین، بچیوں کو کام کی جگہوں اور تعلیمی اداروں میں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔