• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یمن کےحراستی مراکز میں آتشزدگی ،کئی پناہ گزین جاں بحق

لندن ( نیوز ڈیسک) یمن میں پناہ گزینوںکے حراستی مرکز میں آتش زدگی کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق مہاجرین سے متعلق اقوام متحدہ کی ایجنسی کا کہنا ہے کہ صنعا میں پیش آنے والے حادثے میں 8ہلاکتوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ واقعے میں دیگر 170 سے زائد زخمی ہوئے،جن میں سے 90 افراد کی حالت نازک ہے۔ تاہم اقوا م متحدہ کے دیگر عہدے داروں کا دعویٰ ہے کہ آتش زدگی میں 30مہاجر ہلاک ہوئے ہیں۔ متاثرین میں ایک بڑی تعداد ایتھوپیا سے آنے والے مہاجرین کی ہے۔ بین الاقوامی مہاجرین ایجنسی (آئی او ایم) کی ڈائریکٹر کارمیلا گوڈیو نے اپنے بیان میں واقعے پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ خبررساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس نے اقوام متحدہ کے ایک عہدے دار کے حوالے سے بتایا کہ آگ ایک سائبان سے شروع ہوئی، جس کے قریب 700 سے زائد مہاجرین کو قید میں رکھا گیا تھا۔ ان میں سے بیشتر کو شمالی صوبے صعدہ میں اس وقت گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ سرحد پار کر کے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ برطانوی خبررساں ادارے بی بی سی کے مطابق یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حوثی باغیوں کے زیر انتظام مرکز میں آگ کس طرح لگی، تاہم اس سے قبل عرب اتحاد کے طیاروں نے جائے وقوع کے قریب ہی حوثی باغیوں کے میزائل اور ڈرون طیاروں کے ایک اڈے پر بم باری کی تھی۔
تازہ ترین