• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی پیشی، رش پر جج کا اظہار ناراضی، سماعت روک دی

لاہور(نمائندہ جنگ) احتساب عدالت میں شہباز شریف، فواد حسن فواد ،احد چیمہ اور دیگر ملزمان کے خلاف آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت ہوئی. احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کمرہ عدالت میں مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور کارکنوں کے رش پر ناراضی کا اظہار کیا اور باور کرایا کہ کورونا کی وجہ سے ابھی حالات خراب ہیں، خدانخواستہ کچھ بھی ہو سکتا ہے، عدالت نے پولیس حکام کو تمام پرائیویٹ افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکالنے کا حکم دیا اور کہا جب تک کمرہ عدالت سے رش ختم نہیں ہوگا سماعت نہیں ہوگی، عدالت سے اٹھ کر چیمبر میں چلے گئے اور سکیورٹی پر مامور ڈی ایس پی کو چیمبر میں طلب کر لیا. سماعت کے دوران شہباز شریف روسٹرم پر آگئے اور کہا کہ جنہوں نے ملی بھگت کرکے بولی کو تبدیل کیا وہ سب دندناتے پھر رہے ہیں، شہباز شریف نے بتایا کہ ان کی حکومت نے ڈکیتی پکڑی اور یہ معاملہ اینٹی کرپشن کو بھیجا، نیب کے نوٹس میں آنے سے پہلے ہم نے ڈکیتی پکڑ لی تھی جن لوگوں کو بلیک لسٹ کیا ان کو بی آر ٹی میں کنٹریکٹ مل گیا،سابق گورنر سٹیٹ بنک نے انکوائری کی، پی بی فارم اس لیے لئے گئے کہ حکومت پنجاب کے پیسے بچ جائیں گے،نیب ریفرنس سیاسی انتقام اور جھوٹ کا پلندہ ہے ، بتایا جائے بدنیتی کہاں ہے، کرپشن کہاں ہے؟ناجائز اختیارات کا استعمال کہاں ہوا؟ جب جھوٹے الزامات لگتے ہیں تو مجھ سے رہا نہیں جاتا۔

تازہ ترین