اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے الیکشن کو ساری دنیامیں بدنام کردیا، اس میں کوئی شک نہیں کہ حفیظ شیخ کے خلاف آصف زرداری نے ووٹ خریدے، بطور وزیر داخلہ اطلاعات کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں انہوں نے پیسے سے ووٹ خریدے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں سیکریٹ ووٹ ہے، سنجرانی نام ہے بلوچستان کے مستقبل اور پاکستان کی سیاست میں بلوچستان کے شیر کا،اللہ سے امید ہے سنجرانی ہی جیتےگا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر سب نے اعتماد کا اظہار کیااور پنجاب میں ترقیاتی کام تیز کرنے پر زور دیا، میں نے خاص طور پر نالہ لئی کا کام جلد شروع کرنے کا ذکر کیا۔شیخ رشید نے کہا کہ اللّٰہ سے امید رکھتا ہوں سنجرانی جیتے اور عمران خان کو عزت دے، پی ڈی ایم کی سیاست صرف عمران خان کے خلاف ہے، پی ڈی ایم کا آپس میں کوئی اتفاق اور اتحاد نہیں ،یہ صرف نفرت کی سیاست کر رہی ہے، یہ ختم ہوکر دم لے گی۔شیخ رشید نے کہا کہ ہم عمران خان کی عزت، حکمرانی اور سیاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔