• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’عورت مارچ‘ کیخلاف مہم: بختاور بھٹو کا بیان سامنے آگیا

سابق وزیراعظم شہید محترمہ بےنظیر بھٹو کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کا ’عورت مارچ‘ کے خلاف چلنے والی مہم سے متعلق بیان سامنے آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں بختاور بھٹو نے کہا کہ ’میں عورت مارچ کی خواتین کے خلاف چلنے والی نفرت انگیز مہم کی شدید مذمت کرتی ہوں۔‘

بختاور بھٹو نے کہا کہ ’عورت مارچ کے خلاف جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کرکے اُن خواتین کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔‘

 اُنہوں نے کہا کہ ’یہ جان لیں کہ عورت مارچ ایک بامقصد مہم ہے اور جھوٹ کی بنا پر اس خوبصورت مہم کو روکا نہیں جاسکے گا۔‘

بختاور بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ StopHateAgainstAuratMarch کا استعمال کیا جس کا مطلب ہے ’عورت مارچ کے خلاف نفرت کو روکیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان سمیت دُنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا تھا اور اس ضمن میں پاکستان میں عورت مارچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

عورت مارچ کے تحت خواتین اور مردوں نے مختلف نعروں کے ذریعے مظلوم خواتین کے حق میں نعرے لگائے تھے۔

جہاں اس عورت مارچ کی حمایت کی گئی تو وہیں کچھ مخالفین بھی سامنے آگئے ہیں جو سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز شیئر کرکے خواتین پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ عورت مارچ میں خواتین نے مذہب کی توہین کی ہے۔

دوسری جانب عورت مارچ کے منتظمین نے واضح کیا ہے کہ جس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا جارہا ہے وہ اصل میں اُن کی نہیں ہے بلکہ وہ جعلی ویڈیو ہے جسے ایڈٹ کرکے بنایا گیا ہے۔ 

تازہ ترین