• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک ہی بار تمام عورتوں پر پابندی لگا دو: میشا شفیع

پاکستان میوزک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ میشا شفیع بھی عورت مارچ کے مخالفین کو کھری کھری سُنانے میدان میں آگئیں۔

میشا شفیع نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عورت مارچ کی حمایت میں ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مظلوم طبقے کے لیے اپنی آواز بُلند کرنے کا صرف ایک ہی عالمی دن ہے اور جب وہ  پسماندہ اور زیادتی کا شکار طبقہ اُس دن سڑکوں پر نکلا تو نفرت انگیز افراد نے اس دن کو بھی تاریک بنا دیا۔‘

گلوکارہ نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’یاد رہے کہ اس مرتبہ یہ معاملہ ایک لڑکی کے پوسٹر سے شروع ہوا جسے ایک مولوی نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔‘

اُنہوں نے افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بچوں کو زیادتی کا شکار بنانے والے درندے آزاد گھوم رہے ہیں اور اُن کے خوف کی وجہ سے بچے گلیوں میں کھیل نہیں سکتے لیکن عورت مارچ کو ایک مغربی ایجنڈا قرار دیا گیا ہے۔‘

میشا شفیع نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک ہی بار ساری عورتوں پر پابندی لگا دو، قصہ ہی ختم ہوجائے گا، نہ ہم رہیں گے، نہ تُم۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان سمیت دُنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا گیا تھا اور اس ضمن میں پاکستان میں عورت مارچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

عورت مارچ کے تحت خواتین اور مردوں نے مختلف نعروں کے ذریعے مظلوم خواتین کے حق میں نعرے لگائے تھے۔

جہاں اس عورت مارچ کی حمایت کی گئی تو وہیں کچھ مخالفین بھی سامنے آگئے ہیں جو سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز شیئر کرکے خواتین پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ عورت مارچ میں خواتین نے مذہب کی توہین کی ہے۔

دوسری جانب عورت مارچ کے منتظمین نے واضح کیا ہے کہ جس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کیا جارہا ہے وہ اصل میں اُن کی نہیں ہے بلکہ وہ جعلی ویڈیو ہے جسے ایڈٹ کرکے بنایا گیا ہے۔ 

تازہ ترین