اسلام آباد (نیوزایجنسیاں) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ صادق سنجرانی کی جیت سے وزیراعظم عمران خان کا اعتماد مزید بڑھا ہے اب وہ اگلے3سال بھی ٹکاکرحکومت کرینگے، کیمرے لگے ہوں یا نہیں، نتیجہ یہی آنا تھا،جس نے بکنا ہو وہ 14پابندیوں میں بھی بک جاتاہے،جس نے ووٹ نہیں دینا ہوتا وہ نہیں دیتا۔
یہاں تولوگ قرآن اٹھاکراندرجاکرکسی اور کو ووٹ دے دیتے ہیں،جو یوسف رضا گیلانی کیساتھ ہوا ایسا ہی حفیظ شیخ کیساتھ ہوا تھا، اب سیاست میں ٹھہرائو آ جانا چاہئے، اپوزیشن نے آخری لانگ مارچ کا ایک اور ہلہ کرنا ہے، اپوزیشن کوئی عدم اعتماد کی تحریک نہیں لیکر آئیگی۔
نجی ٹی وی چینل کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے حلف لینے والوں کو بھی اپنی بات سے مکرتے ہوئے دیکھا ہے، 7 ووٹ ہی حفیظ شیخ کے بھی مسترد ہوئے تھے اور 7 ووٹ یوسف رضا گیلانی کے بھی مسترد ہوئے،آج تحریک انصاف کو بڑی کامیابی ملی ہے۔
وزیراعظم نے اوپن بیلٹ کے تحت سینٹ الیکشن کرانے کی کوشش کی، اگر آج شو آف ہینڈ کے ذریعے ووٹنگ ہوتی تو ووٹ ضائع نہ ہوتے، اپوزیشن چھوٹے دنگل میں تو کامیاب ہو گئی لیکن بڑے دنگل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اگر پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ بھی ہوتا ہے تو وہ بھی حکومت کیلئے بڑا اپ سیٹ ثابت نہیں ہو سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ دنوں میں پی ڈی ایم کے اندر کے حالات سب کے سامنے آ جائینگے، جس طرح کی یکجہتی دکھائی دے رہی ہے ایسی یکجہتی نہیں رہے گی، پیپلز پارٹی سوچی سمجھی سیاست کریگی، رواں ماہ کے آخر میں پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ ہو سکتا ہے۔
اگر پی ڈی ایم لانگ مارچ کرتی ہے تو ہم اسکو ویلکم کریں گے اور ہماری جانب سے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی۔ دریں اثناء سندھ سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کےایم پی ایز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہاکہ کراچی اور اندرون سندھ میں امن وفاقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔