• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،200 کلو چوکر، 30 کلو کیمیکل اور 150 کلو ممنوع چائنہ سالٹ برآمد

پشاور(جنگ نیوز) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ضلع چارسدہ میں کارروائی کرتے ہوئے مضرصحت مصالحہ جات تیار کرنے والی فیکٹری سے 200 کلو چوکر، 30 کلو مضر صحت کیمیکل اور 150 کلو ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کرلیا۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی۔ جس کے دوران مضر صحت مصالحہ جات تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کردیا گیا، اور مالکان کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق غیر معیاری اور مضر صحت مصالحہ جات تیار کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانون کارروائی کی جائیگی۔ ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں کی گئی۔ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر ترناوہ بازار خان پور میں دو بیکریاں سیل کی گئی، جن سے 140 کلو زائد المعیاد اشیاء برآمد کی گئی۔ اسی طرح مردان میں بھی مضر صحت اشیاء خوردنوش رکھنے پر ایک بیکری کو سیل کیا گیا۔ ڈائریکٹر اپریشنز کے مطابق لوئر کرم میں کاروائی کے دوران 200 لیٹر جعلی مشروبات برآمد کئے گئے۔ جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تحصیل بابوزئی میں پیزہ پوائنٹ کو سیل کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے بنوں میں بھی خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا۔ کارروائی میں 200 کلو مضر صحت چورن اور 100 لیٹر زائد المعیاد دودھ کو برامد کرکے تلف کیا گیا۔
تازہ ترین