• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا قیام وقت کی ضرورت، سراج الحق، حکمتیار

افغان عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا قیام وقت کی ضرورت، سراج الحق، حکمتیار 


لاہور(نمائندہ جنگ)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ انجینئر گلبدین حکمت یار نے اس امر پر اتفاق کیاہے کہ افغانستان میں افغان عوام کی حقیقی نمائندہ حکومت کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔ عالمی طاقتیں افغانستان کی تعمیرنو کے لئے مارشل پلان کی طرز پر امدادی پیکیج کا اعلان کریں ۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں دونوں رہنماؤں نے بڑے ا جتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دیرینہ مطالبہ دہرایا کہ امریکی فوج افغانستان سے نکل جائے اور ملک کی حقیقی قیادت اور عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی اجازت دی جائے ۔انجینئر حکمت یارنے اپنے خطاب میں افغانستان میں امن کے قیام کے لئے روس اور ترکی کی جانب سے بلائی جانے والی کانفرنسز میں بھی حزب اسلامی کے وفد کی شمولیت کا علان کیا ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان سے 95 فیصد نیٹو افواج چلی گئی ہے اور باقی 5 فیصد بھی جانے کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانیوں کا ماضی اور حال گواہ ہے کہ انہوں نے کسی بھی غیر ملکی جارح کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اسے شکست دی ۔ یہ سب کچھ افغان مسلمانوں کے جذبہ ایمانی کی طاقت سے ممکن ہو سکا ۔ امریکہ نے افغانستان پر حملہ کیا مگر آج وہ سپر پاور ہونے کے باوجود افغانستان سے جان چھڑانے کے لئے تگ و دو کر رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان پر قبضہ کر کے وہاں اپنی مرضی کی کٹھ پتلی حکومت قائم کرنا چاہتاتھا ۔ واشنگٹن کی دونوں خواہشات ادھوری رہ گئیں ۔ افغانستان کے عوام کے جذبہ حریت کی وجہ سے پہلے امریکی افواج کو شکست ہوئی اور اب اس کی قائم کردہ حکومت کو بھی عوام قبول نہیں کر رہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت تمام مسلمان ممالک میں جنگ ہورہی ہے ۔ امت فرقہ واریت کے آسیب کی زد میں ہے ۔ مغربی میڈیا کی یلغار سے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہاہے ۔ یہ وہ امت تھی جس نے صدیوں تک دنیا پر حکمرانی کی ۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے زوال کی وجہ دین اور جہاد سے دوری ہے ۔انہوں نے کہاکہ افغانستان کے عوام نے غربت اور افلاس کے باوجود ایمان کی دولت کو اپنی طاقت کا ذریعہ بنایا یہی وجہ ہے کہ انہوں نے بڑی طاقتوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا ۔

تازہ ترین