کرچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 19مارچ کو ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ کا جلسہ بلوچستان میں عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا۔ پی ایس پی کی جدوجہد کا مقصد ملک سے تفرقے اور لسانی سیاست کا خاتمہ کرکے تمام قومیتوں کو انکے حقوق دلوانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کرد اور کاکڑ قبائل کے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود آج بھی تعلیم ،صحت اور پینے کے صاف پانی سے محروم ہے کیونکہ عوام کے نام پر حاصل کردہ اختیارات اور وسائل نچلی ترین سطح پر منتقل کرنے کے بجائے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں مقید کر لیے گئے۔ سیاسی جماعتیں اپنے مفادات کے حصول کیلئے تو ایک دوسرے کے خلاف احتجاجی کرتی ہیں لیکن سیاسی جماعتوں نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے کبھی احتجاج نہیں کیا۔