جناح اسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کی کورونا کیخلاف خدمات کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے، عالمی وبا کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے 9 گلوبل ہیروز کی فہرست میں ڈاکٹر سیمی جمالی کا نام بھی شامل ہے۔
امریکی جریدے کی جانب سے دنیا بھر میں کورونا کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے افراد پر مشتمل ایک فہرست ترتیب دی گئی جس میں دنیا بھر سے کورونا وبا کے دوران کام کرنے والے بہادر طبی عملے کو گلوبل ہیروز قرار دیا گیا۔
فہرست میں ڈاکٹر سیمی جمالی کا نمبر تیسرا ہے، فہرست میں پاکستان، میکسکو، سرینگر، جنوبی افریقہ سمیت دیگر ممالک کے 9 ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کے بارے میں بتاتے ہوئے لکھا گیا کہ آنتوں کے کینسر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے فرائض منصبی بہترین طور پر نبھائے۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ ’کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے باوجود اپنے کام پر جاتی رہی کیونکہ میں گھر نہیں رہنا چاہتی تھا، میں ایسی زندگی گزارنا نہیں چاہتی تھی جو بیکار ہو، اپنی زندگی کو قابل قدر بنانا چاہتی تھی کیونکہ میری اسپتال میں موجودگی بہت سے لوگوں کیلئے فائدہ مند ہے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی خود کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور کورونا وباء کے دوران ڈاکٹر سیمی جمالی کی کیمو تھراپی چل رہی تھی۔