سعودی عرب کی وزارت صحت نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران مملکت میں بہترین کارکردگی دکھانے پر پاکستانی ڈاکٹر شہزاد احمد ممتاز کو بہترین لیڈر شپ کے اعزاز سے نوازا اور تعریفی سند پیش کی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ڈاکٹر شہزاد احمد ممتاز کنگ سلمان اسپتال میں انتہائی نگہداشت یونٹ کے انچارج اور کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے والی طبی ٹیم کی بھی سربراہی کر رہے ہیں۔
وبائی مرض کورونا وائرس کے خلاف ڈاکٹر شہزاد کی ٹیم نے کارہائے نمایاں خدمت انجام دیتے ہوئے اسپتال میں کورونا سے بڑھتی ہوئی شرح اموات کو ختم کردیا اور اسپتال کو ملک کا پہلا کورونا سے پاک اسپتال بنانے میں کامیاب رہے۔
ڈاکٹر شہزاد کی قائدانہ صلاحیتوں اور طبی مہارت کے اعتراف میں انہیں سعودی عرب کی وزارت صحت نے سعودی قومی دن کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب کے دوران بہترین لیڈرشپ ایوارڈ اور تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔
جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقے لیہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر شہزاد احمد ممتاز 18 سال قبل سعودی عرب پہنچے تھے اور مختلف اسپتالوں میں اہم ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کنگ اسپتال میں آئی سی یو انچارج کے عہدے پر فائز ہوئے۔