مقبوضہ بیت المقدس (جنگ نیوز )اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے ہر قیمت پر روکیں گے۔ اسرائیلی ٹی وی کو ایک انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ان کے اور امریکی صدر جو بائیڈن کے درمیان اچھے تعلقات ہیں مگر یہ تعلقات دوسروں کے کام ہر گز نہیں آئیں گے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کا اشارہ ایران کی جانب تھا۔نیتن یاہو کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بائیڈن کو آگاہ کر دیا ہے کہ اسرائیل ایرانی نظام جیسے کسی شدت پسند نظام کے ساتھ کسی معاہدے کو خاطر میں نہیں لائے گا ، وہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کے سینئر ذمے داران کے درمیان جمعرات کے روز دو طرفہ تزویراتی گروپ کے پہلے ورچوئل اجلاس میں ایران کے حوالے سے اندیشے زیر بحث آئے۔ اس معاملے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا موقف امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے مختلف ہے۔