• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین سینیٹ الیکشن انجینئرڈ تھا، فضل الرحمٰن، عدالت میں حکومت کو شکست ہوگی، بلاول بھٹو، گرفتاری سے نہیں ڈرتی، مریم نواز

چیئرمین سینیٹ الیکشن انجینئرڈ تھا، فضل الرحمٰن


کراچی، حیدرآباد(جنگ نیوز، خبرایجنسیاں، بیورو رپورٹ)پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نےکہاہےکہ چیئرمین سینیٹ الیکشن انجینئرڈ تھا،ہمارے جائز ووٹ مسترد ہونے کا ملبہ عدالتوں پر ڈال دیا گیا ،اب عدالتیں آخری امید ہیں،لانگ مارچ ایک دن کا نہیں ہوگا، کیا نیب اداروں کا ترجمان ہے؟پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےکہاہےکہ عدالت میں حکومت کوشکست ہوگی، ملک و قوم کوحکومت سے چھٹکارہ دلانے کیلئےحکمت عملی بنارہے ۔ ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نےکہاہےکہ گرفتاری سے نہیں ڈرتی،میری گرفتار ہوئی تو نواز شریف لندن سے تحریک لیڈ کرینگے۔صوبائی سیکرٹریٹ مفتی محمود مرکز پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانافضل الرحمان نے کہاکہ سینیٹ الیکشن میں مداخلت نظر آرہی ہے، مریم نواز کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں، کیا نیب اداروں کا ترجمان ہے؟اب عدالتیں آخری امید بن چکی ہیں، چیئرمین سینیٹ کا الیکشن انجینئرڈ تھا، ہمارے جائز ووٹوں کو کیوں مسترد کیا گیا؟ اور ووٹ مسترد ہونے کا ملبہ بھی عدالتوں پر ڈال دیا گیا ہے، 2 ارب روپے کے ڈیفالٹر کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت کیوں دی گئی؟ وفاداریاں کیوں تبدیل ہورہی ہیں،اس کے پیچھے دبائو ہوگا،لالچ یا دھمکیاں ہوں گی، ڈپٹی چیئرمین کے الیکشن کے دوران سارے ادارے اندھے ہو چکے تھے۔سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ماضی میں مختلف جماعتوں کے اراکین نے اپنے ووٹ کوغلط استعمال کیا، کسی ایک ممبر کے دغا سے پارٹیوں کی پوزیشن تبدیل نہیں ہوا کرتیں، اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں، آج (منگل کو) پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوگا جس میں لانگ مارچ سے متعلق حتمی حکمت عملی طے ہوگی، پارلیمنٹ سے استعفے نہیں دیتے تولانگ مارچ کی زیادہ افادیت نہیں ہوگی، لانگ مارچ ایک دن کا نہیں ہوگا۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ نیب کا نوٹس مجھے نہیں ملے گا، میرے بازو آزمائے ہوئے ہیں، میں جے یو آئی میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی کے ساتھیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ میانی فاریسٹ کے با لمقابل کا ٹھڑی فاریسٹ میںایک دن میں ایک لاکھ پودے لگانے کے موقع پر تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ سے متعلق عدالتی فیصلہ کٹھ پتلی حکومت کورسوا کردیگا، پی ڈی ایم قیادت کے اجلاس میں کٹھ پتلی حکومت سے ملک اور قوم کو چھٹکارہ دلانے کیلئے حکمت عملی بنائی جائیگی۔ بلاول نے کہاکہ عمران نیازی نے سرسبز پاکستان کیلئے پورے ملک میں ایک ارب پودے لگانے کا دعویٰ کیا تھا مگر حکومت سندھ نے حقیقی معنوں میں ساحلی پٹی پر 1ارب70کروڑ مینگروز کے پودے لگاکر گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے، جنگلات سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رہا جا سکتا ہے بلکہ چرند پرند اور عوام الناس کی زندگی میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے بھی محفوظ رہا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کے عوام نے جس طرح سے پی ڈی ایم کے جلسہ کو کامیاب کیا اور پی ڈی ایم نے پی پی کے ساتھ جس طرح ملک اور سندھ میں ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی یہ پی ڈی ایم اور سندھ کے عوام کا وفاقی سلیکٹڈ کٹھ پتلی سرکار پر عدم اطمینان اور نفرت کا اظہار ہے، انہوں نے کہا کہ سینیٹ کے انتخابات میں بھی ہماری فتح ہوئی تاہم سندھ سے تعلق رکھنے والے پریزائیڈنگ افسر نے ہمارے امیدوار کے درست ووٹوں کو مسترد کر کے اپنے امیدوار کو کرسی پر لاکر بٹھا دیا جبکہ اخلاقی اور قانونی فتح ہماری ہوئی اور جب عدلیہ کا فیصلہ آئیگا تو لوگ دیکھیں گے کہ کٹھ پتلی حکومت کی کتنی رسوائی ہوئی ۔

تازہ ترین