• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف واپس آئیں، زرداری، زندگی کی ضمانت دیں، مریم نواز

نواز شریف واپس آئیں، زرداری، زندگی کی ضمانت دیں، مریم نواز


کراچی(نیوز ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہےکہ نواز شریف واپس آئیں،لڑنا ہے تو سب کو جیل جانا ہوگا،راہیں جدا کرنیوالے فیصلے نہ کریں، اس کے جواب میں مریم نواز نے کہاکہ آپ زندگی کی ضمانت دیںگے؟ مجھےآپ کی باتوں سے دکھ ہوا ،جس کو بات کرنی ہے مجھ سے کرے۔

آصف علی زرداری کاکہناتھاکہ ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو ہوگا،معذرت میرا مقصد دل دکھانا نہیں تھا، مریم نےکہا کہ میں نے خود کو بختاور ، آصفہ سمجھ کرگلہ کرنا حق سمجھا میرا مقصد بھی آپکی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔

پی ڈی ایم اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی،ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان تشریف لائیں، لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا ہوگا۔ 

ویڈیو لنک کے ذریعے پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے خطاب میں آصف زرداری نےکہا کہ میاں صاحب پلیز پاکستان تشریف لائیں، ہم نے سینیٹ انتخابات لڑے،سینیٹر اسحاق ڈار ووٹ ڈالنے نہیں آئے، لڑنا ہے تو ہم سب کو جیل جانا ہوگا۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ میاں صاحب، آپ کیسے عوامی مسائل حل کریں گے؟ آپ نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا، میں نے اپنے دور میں تنخواہوں میں اضافہ کیا، میں نے پارلیمان کو اختیارات دیے، این ایف سی منظور کیا جس کی مجھےاور پارٹی کو سزا دی گئی۔

ہم اپنی آخری سانس تک جدوجہد کے لیے تیار ہیں، اسمبلیوں کو چھوڑنا عمران خان کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے،ایسے فیصلے نہ کیے جائیں جس سے ہماری راہیں جدا ہوجائیں،ہمارے انتشار کا فائدہ جمہوریت کے دشمنوں کو ہوگا، ہم پہاڑوں پر نہیں پارلیمان میں رہ کر لڑتے ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ میاں صاحب جب آپ وطن واپس آئیں گے، ہم آپ کے پاس استعفے جمع کروائیں گے، میں جنگ کے لیے تیار ہوں مگر میرا ڈومیسائل مختلف ہے، میاں صاحب آپ پنجاب کی نمائندگی کرتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نےکہاکہ نیب کی تحویل میں میاں صاحب کی زندگی کو خطرہ ہے، وطن واپس کیسے آئیں؟ آصف زرداری گارنٹی دیں کہ میرے والد کی جان کو پاکستان میں خطرہ نہیں ہوگا،مریم نواز نے سابق صدر کو جواب دیا کہ میں اپنی مرضی سے یہاں ہوں۔

جیسے آپ ویڈیو لنک پر ہیں ویسے ہی میاں صاحب بھی ویڈیو لنک پر ہیں، میرے والد کو جیل میں دو ہارٹ اٹیک ہوئے انکی جان کو خطرہ ہے۔بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ میرا مقصد آپ کا دل دکھانا نہیں تھا اس پر مریم نے جواب میں کہا کہ میں نےخود کوآصفہ یا بختاورسمجھ کرآپ سےبات کی، میرا مقصد آپ کی دل آزاری کرنا نہیں تھا اور نہ ہی میرا مقصد آپ سے معذرت کروانا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مریم نواز نے کہا کہ میں نے خود کو آپ کی بیٹی سمجھ کرآپ سےگلہ کرنا اپنا حق سمجھا، اس بات کو یہاں اب ختم کردیں۔

تازہ ترین