• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسن علی کا کورونا ٹیسٹ پھر مثبت آگیا، باقی پلیئرز کلیئر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی کا ایک بار پھر کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ اس سے قبل ان کا کورونا ٹیسٹ پی ایس ایل کے دوران بھی مثبت آیا تھا لیکن آئسو لیشن کے بعد ان کے دو ٹیسٹ منفی آئے تھے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے یہ معمول کی بات ہے جمعرات کو ان کا ایک اور ٹیسٹ کرایا جائےگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ درہ جنوبی افریقاکے لیے اعلان کردہ قومی وائیٹ بال اسکواڈ میں شامل مجموعی طور پر 35 افراد کے کوویڈ 19 ٹیسٹ لیے گئے۔ صرف ایک کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ لہٰذا، باقی تمام افراد جن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی ہے،جمعرات کو لاہور پہنچ جائیں گے۔ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ جمعہ 19 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔مذکورہ کورونا پوزیٹیو کرکٹر کا ٹیسٹ جمعرات کو اس کی رہائشگاہ پر لیا جائے گا۔ رپورٹ منفی آنے کی صورت میں اسےلاہور آنے کی اجازت دی جائے گی، جہاں 2 روزہ آئسولیشن کے بعد تیسرا ٹیسٹ لیا جائے گا۔ حکومت پنجاب نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست پر کیمپ لگانے کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ جنوبی افریقا کے لیے 27 مارچ کو خصوصی چارٹرڈ طیارے سے روانہ ہو گی۔

تازہ ترین