لاہور( نمائندہ جنگ)نیب لاہورنے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو 26 مارچ کو ایک اور کیس میں بھی طلبی کا نوٹس جاری کر دیا ۔ نیب لاہور نے مریم نواز کوجاتی امرا ء میں 1500 کنال اراضی کی مبینہ غیر قانونی منتقلی کی تحقیقات میں بھی طلب کر لیا ہے : نیب نے مختلف اداروں سےکیپٹن صفدر ،انکےبیوی بچوں اور والدین کی جائیداد کا ریکارڈ مانگ لیا ۔مریم نواز پر الزام ہے کہ 2013 میں شریف فیملی نے کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے حاصل کی، 2015 میں اس وقت کے ڈی سی او نورالامین مینگل اور ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ و دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے لاہور کا ماسٹر پلان ہی تبدیل کروا دیا گیا۔ جاتی امرا ء میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈکلیئر کروایا گیا ۔نیب لاہور کے نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام مطلوبہ ریکارڈ ہمراہ لائیں ۔