سکھر (ٹی وی رپورٹ/ بیورو رپورٹ) سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ نے کتوں کے کاٹنے کے بڑھتے واقعات پر فریال تالپور سمیت 2ایم پی ایز کی رکنیت معطل کرنے کا حکم دے دیا۔ جیو نیوز کے مطابق عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ ایم پی اے رتو ڈیرو اور جامشورو کی رکنیت معطل کی جائے اور الیکشن کمیشن ان اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرنے کا حکم جاری کرے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ارکان اسمبلی حلقے کے لوگوں کوسہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، دیگر اضلاع میں بھی ممبر سندھ اسمبلی کی رکنیت معطل کی جا سکتی ہے۔ عدالت نے سیکرٹری سندھ اسمبلی سے عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے پر وضاحت طلب کرلی۔رتو ڈیرو سے آصف علی زرداری کی بہن فریال تالپور رکن اسمبلی ہیں جبکہ جامشورو سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گیان چند اور ملک سکندر رکن اسمبلی ہیں۔سکھر بیورو کے مطابق کتا مار مہم کی نگرانی نہ کرنے پر رتو ڈیرو اور جامشورو کے ایم پی ای ایز کو معطل کردیا گیا، سندھ ہائیکورٹ سکھر بنچ نے الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا، جس علاقے میں سگ گزیدگی کا واقعہ پیش آیا وہاں کے ایم پی اے کے خلاف کارروائی ہوگی، عدالت عالیہ کا انتباہ، سندھ ہائی کورٹ سکھر بنچ نے صوبے میں کتے کے کاٹنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے حوالے سے داخل آئینی پٹیشن کے حوالے سے تحریری احکامات جاری کردیئے ہیں اور رتو ڈیرو اور جامشورو سے تعلق رکھنے والے ایم پی ایز کو معطل کردیا گیا ہے، عدالت عالیہ نے حکم میں یہ انتباہ دیا ہے کہ اگر اب کسی علاقے میں کتے کے کاٹنے کا واقعہ پیش آیا تو اس علاقے کا ایم پی اے اس کا ذمہ دار ہوگا اور اس کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے، عدالت نے اپنے حکم میں یہ بھی کہا ہے کہ ایم پی ایز اپنے حلقوں کے عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں، عدالت عالیہ نے سیکرٹری سندھ اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس فیصلے کی کاپی تمام ایم پی ایز کو فراہم کریں، اس ہدایت کے ساتھ کہ اگر انہوں نے عدالتی احکامات پر عمل نہ کیا تو یہ کارروائی ان کے ساتھ بھی ہوسکتی ہے۔