پشاور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن محمد صفدر پر پشاور ہائیکورٹ کے باہر انڈے پھینک دیئے گئے تاہم انڈہ کیپٹن صفدر کی بجائے کارکن کو لگاجسکے بعد پولیس نے انڈے پھینکنے والے شخص کو گرفتار کرکے مقامی تھانے منتقل کردیا۔واقعہ کیخلاف نون لیگ کے کارکنوں نے پشاورہائیکورٹ سے سنٹرل جیل پشاورتک واک کی اور تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔جمعرات کے روز مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن صفدر پشاور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کے سلسلے میں پشاور ہائیکورٹ میں پیشی کےلئے آئے تھے۔ اس موقع پر انکے ہمراہ پارٹی کے صوبائی رہنما اور کارکنان بھی موجود تھے۔ پیشی کے بعد کیپٹن صفدر واپس جا رہے تھے جوں ہی ہائیکورٹ کی عمارت سے باہرنکلے تواس دوران وہاں پر ایک شخص نے کیپٹن صفدر پر دو انڈے پھینکنے کی کوشش کی، ایک انڈہ نجی کیمرامین کے کیمرے کو جا لگا جبکہ ایک انڈہ کیپٹن صفدر کے ہمراہ موجود کارکن کو جا لگا۔