• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہزادہ ہیری اور میگھن کے نئے مسکن ’مونٹیسیٹو‘ کی تعمیرات

جنوبی کیلی فورنیا کے کئی لوگ تفریح کی غرض سے ہفتے کے اختتامی دن کیلی فورنیا کے ساحل سے سانتا باربرا کا رُخ کرتے ہیں، جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا سفر بنتا ہے۔ اس سفر کے دوران، اکثر لوگ رستے میں آنے والے ایک رہائشی مقام مونٹیسیٹو کو نظرانداز کرتے ہوئے گزر جاتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ایک پُرسکون علاقہ ہے اور یہاں تجارتی سرگرمیاں تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔ 

ہفتے کے اختتام پر تفریح کے متلاشی افراد کے برعکس، یہ پرسکون پہاڑی مقام کئی سیلیبرٹی ارب پتی شخصیات کا پسندیدہ مقام سمجھا جاتا ہے، جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ روایتی پاپارازی صحافیوں سے بھی اوجھل رہتا ہے۔ بحر اوقیانوس کے رُخ پر تعمیرکردہ یہاں کے محل نما گھر اپنے شاندار آرکیٹیکچر کی وجہ سے خصوصی پہچان رکھتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اب شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل بھی یہاں کے مکین بن گئے ہیں، جس کے بعد لوگوں کی اس علاقے میں دلچسپی بہت بڑھ گئی ہے۔ خریداروں کی اس علاقے میں بڑھتی دلچسپی کو مدِ نظر رکھتے ہوئےاداکار روب لوئی نے یہاں واقع اپنا گھر 22.5ملین ڈالر میں فروخت کرنے کے لیے لسٹنگ کروادی ہے۔ روب لوئی کا گھر سابق شاہی جوڑے کے 18ہزار مربع فٹ پر مشتمل 14ملین ڈالر مالیت کے گھر سے چند قدموں کی دوری پر ہے۔

روب لوئی کا یہ محل نما گھر ساڑھے پانچ ایکڑ رقبے پر محیط ہے، جس کی حال ہی میں برطانوی کنٹری اسٹیٹ کی طرز پر تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس گھر کے نئے مکین اگر کبھی سابقہ شاہی جوڑے کو چائے پر مدعو کریں تو انھیں یہاں اجنبیت محسوس نہیں ہوگی۔ تقریباً 17ہزار مربع فٹ رقبے پر مکان کی تعمیر کی گئی ہے، جس میں سات بیڈ رومز اور متعدد آتش دان (فائر پلیس) موجود ہیں۔

گھر کا ایک زیریںِ فلور بھی ہے، جو لکڑی/دھات سے تعمیر کردہ ورکشاپ، ایک فائر سیف روم، ہیومِڈیٹی کنٹرولڈ اسٹوریج اور آٹھ گاڑیاں کھڑی کرنے کی گنجائش والے گیراج پر مشتمل ہے۔ یہ فلور گیسٹ ہاؤس، ایک پول ہاؤس، ایک کمرشل ریٹڈ جِم اور پیزا اوون کے ساتھ ایک فائیو اسٹار والے اسٹین لیس اسٹیل کچن پر مشتمل ہے۔

اس گھر کا سابقہ نام ’’اوون شائر‘‘ تھا، جس کا اس وقت مالک اَپولو ایجوکیشن گروپ کا سابق چیئرمین پیٹر اسپرلنگ تھا، جس نے یہ گھر 2005ء میں 25ملین ڈالر میں فروخت کیا تھا۔ لسٹنگ ایجنٹ جوائس ری اورٹموتھی ڈی پریزیٹو کا کہنا ہے کہ، ’’مونٹیسیٹو ایک بہت پرکشش ریئل اسٹیٹ مارکیٹ ہے اور فروخت کے لیے گھروں کی کم دستیابی اسے مزید پرکشش بنادیتی ہے۔ 

مالدار طبقہ شہری اور شورشرابے والے ماحول سے دور کھلے اور قدرتی ماحول کی تلاش میں رہتا ہے، جہاں وہ اپنے بچوں اور ان کے بچوں یا اپنے والدین اور اپنے بچوں کے ساتھ آرام سے وقت گزار سکے۔ ساتھ ہی وہ یہ بھی چاہتے ہیں کہ ان کا لائف اسٹائل زیادہ ماحول دوست اور پائیدار ہو‘‘۔

امریکا کی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کا شہزادہ سمجھے جانے والا ایلن ڈیجنیریس بھی مونٹیسیٹو میں ہی رہتا ہے۔ وہ اپنی بیوی پورشیا ڈی روزی کے ساتھ 49ملین ڈالر کے ایک کمپاؤنڈ میں رہائش پذیر ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی ٹیلی ویژن سیلیبرٹی اوپرا وِنفری بھی اسی مقام پر رہتی ہیں۔ ایلن اور اوپرا وِنفری ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں۔ ایلن ڈیجنیریس کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ ایک ریئل اسٹیٹ خریدنے کے بعد اسے منافع پر فروخت کرکے پھر دوسری ریئل اسٹیٹ خریدلیتا ہے۔

ورائٹی کے مطابق، 2006ء میں ایلن نے مونٹیسیٹو میں ایک جائیداد 15.8ملین ڈالر میں خریدی، جو ایک سال بعد اس نے گوگل کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ایریک شِمڈٹ کو 20ملین ڈالر میں فروخت کردی تھی۔ اسی طرح، 2003ء میں اس جوڑے نے مونٹیسیٹو میں ایک اور گھر 28.8ملین ڈالر میں خریدا اور اسے نیٹ فلکس کے سربراہ ٹیڈ سیرانڈوس کو 34ملین ڈالر میں فروخت کیا۔

ایلن اور اس کی بیوی نے گھر خریدکر بیچنے کا سلسلہ 2017ء میں بھی برقرار رکھا اور اسی مقام پر ایک گھر 7.2ملین ڈالر میں خرید کر محض چند دنوں بعد ٹِنڈر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سین راڈ کو 11ملین ڈالر کے عوض فروخت کردیا۔2017ء کے اواخر میں اس جوڑے نے یہاں ساحلی رُخ ایک اور ریئل اسٹیٹ 18.6ملین ڈالر میں خریدی اور دو سال بعد اسے 23ملین ڈالر میں فروخت کردیا۔ 

اس کے بعد انھوں نے بالی اسٹائل پر بناہوا ایک محل 29ملین ڈالر میں خریدا اور ایک گمنام ارب پتی کو 33.3ملین ڈالر میں فروخت کیا۔ اس جوڑے نے گزشتہ سال اگست میں ایک اور محل 27ملین ڈالر میں خریدا اور اس کے فوری بعد 29ملین ڈالر میں فروخت کردیا۔ صرف یہی نہیں، یہ جوڑا امریکی پاپ گلوکارہ آریانا گرانڈے کو 55سو مربع فٹ پر بنا ہوا ایک شاندار گھر 6.7ملین ڈالر میں فروخت کرچکا ہے۔

اس کے علاوہ اداکار روب لوئی بھی حال ہی میں اس پرفضا ساحلی مقام پر، ’’اوک وِیو‘‘ نامی ایک اور ریئل اسٹیٹ 45.5ملین ڈالر میں فروخت کرچکا ہے۔ گزشتہ دنوں اس مقام پر کیٹی پیری نے پہاڑی کی چوٹی پر بنا ہوا ایک محل 14.2ملین ڈالر میں خریدا ہے۔ ٹیلی ویژن سیلیبرٹی اوپرا وِنفری بھی اس مقام پر 23ہزار مربع فٹ پر محیط مشہور ’’دا پرامِزڈ لینڈ‘‘نامی ریئل اسٹیٹ کی مالک ہیں، جس کی مالیت 100ملین ڈالر ہے، صرف یہی نہیں اوپرا ونفری کا یہاں 23ایکڑ پر محیط گھوڑوں کا اصطبل بھی ہے، جس کی مالیت 28.8ملین ڈالر ہے۔

تازہ ترین