• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نواز شریف اور زرداری کیلئے نہیں بنا، دوست ممالک نے دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان

دوست ممالک نے دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان


چکدرہ(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگر پاکستان ڈیفالٹ کرجاتا تو کیاحالات ہوتے اس کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے ‘ملک دیوالیہ ہونے سے بہت زیادہ مہنگائی اور روپے کی قدر گر جاتی‘ دوست ممالک نے مدد کر کےدیوالیہ ہونے سے بچایا‘ ہمیں قرضوں کی واپسی کے لیے دولت میں اضافہ کرنا ہوگا۔

ملک اس لیے نہیں بنا تھا کہ ٹاٹا برلا کی طرح یہاں آصف زرداری اور نواز شریف امیر بنیں‘پچھلے 30 سال کے دوران ملک کا پیسہ چوری کیا گیالیکن لعنت ہے ایسے پیسے پر کہ جب انسان خود بھی جھوٹ بولے اور اس کے بچے بھی جھوٹ بولتے ہوں‘ کبھی اسپتال اور کبھی جیل جا رہے ہوں‘ یہ ہمارے لیے عبرت کا مقام ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے اپنے پہلے اڑھائی سال میں قرضوں پر سود کی مد میں 3 ہزار ارب روپے جبکہ ہم نے 6.2ٹریلین روپے ادا کئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے سود سمیت قرضہ کی ادائیگی کی مد میں20 ہزار ارب روپے اور ہم نے 35 ہزار ارب روپے واپس کئے ہیں۔

بڑے سرمایہ کار بنڈل جزیرے پر سرمایہ کاری کے منتظر ہیں لیکن سندھ حکومت اجازت نہیں دے رہی ‘ مشکل حالات سے اب نکل آئے ہیں‘ زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے آئندہ ہفتے نئی پالیسی لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یونیورسٹی آف مالاکنڈ کے نئے بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عمران خان نے سوات ایکسپریس وے پر تین سرنگوں کی تعمیر کے منصوبہ کا بھی افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے تکمیل شدہ سرنگوں کا معائنہ بھی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھاکہ پیسہ خوشی نہیں دیتا، خوشی اس وقت ملتی ہےجب انسان سیدھے راستے پر چلتا ہے ۔ پاکستان میں بھی ارب پتی لوگ موجود ہیں اور انہیں اس کا علم ہی نہیں کہ ان کے پاس کتنی دولت ہے،30 سال ملک کا پیسہ چوری کیا گیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں بے روزگار نوجوانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، روزگار کی فراہمی کیلئے فنی تعلیم اور نالج اکانومی ضروری ہے‘ عمران خان کا کہناتھاکہ پہلے سال تو معیشت کو مستحکم کرنے میں لگے رہے۔ 

قرضوں کا بوجھ تبھی ختم ہو گا جب آمدنی بڑھے گی، ہم ایسے منصوبے لگا رہے ہیں جس سے ملکی دولت بڑھے گی‘لاہور میں راوی سٹی منصوبے سے ہزاروں ارب روپے کی آمدنی ہوگی‘غیر ملکی زرمبادلہ آنے سے روپے کی قدر مستحکم ہوگی۔

تازہ ترین