لاہور(آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو پیپلزپارٹی کو اسمبلی سے استعفوں پر آمادہ کرنے کا ٹاسک دیدیا، پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے حوالے سے حکمت عملی طے کرنے کے لیے مسلم لیگ( ن) کے اجلاس میں مبینہ طورپر پارٹی رہنماؤں میں اختلافات رائے بھی سامنے آ یا۔،نجی ٹی وی کے مطابق پی ڈی ایم کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے حوالے سے مسلم لیگ ن کا اجلاس ہوا، جس میں شریف خاندان کی اہم شخصیات اور پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے ۔ اجلاس میں پی ڈی ایم اور پارٹی سیاست سے متعلق حکمت عملی مرتب کرنے کے دوران رہنماؤں میں اختلاف ہوا۔اس موقع پر حمزہ شہباز نے کہا کہ اگر ہمیں اسی طرح سیاست کرنی ہے تو مسلم لیگ (ن)تقسیم ہوجائیگی، میرے سیاسی استاد نوازشریف ہیں تو میں کس طرح سے ایسی (جارحانہ) سیاست کرسکتا ہوں۔ نوازشریف نے شاہد خاقان عباسی کو پیپلزپارٹی سے مذکرات کرنے اور انہیں اسمبلی سے استعفوں پر آمادہ کرنے کا اہم ٹاسک بھی دیا۔