اسلام آباد (طاہر خلیل) خیبر پختوانخوا کی سیاسی اور سماجی شخصیت پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی صدر نوابزادہ محمد خان ہوتی کی صاحبزادی کی شادی وزیر دفاع پرویز خٹک کے صاحبزادے ابراہیم خٹک کے ساتھ اسلام آباد میں انجام پائی۔ اسلام آباد کے فائیو سٹار ہوٹل میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں ممتاز سیاسی، کاروباری اور دیگر شعبوں کی شخصیات شریک تھیں۔ حالیہ دنوں میں یہ اس لحاظ سے منفرد تقریب تھی کہ حکومت اور اپوزیشن کے سرکردہ رہنما ایک ساتھ موجود تھے اور انہوں نے نہایت خوشگوار ماحول میں سیاسی و عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پیر صابر شاہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے فرحت اللہ بابر، سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر، اے این پی کے امیر حیدر ہوتی، تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ تقریب میں وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، سینیٹر شبلی فراز، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، سابق چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری، فرید طوفان، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو، وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی، رحمان ملک، سابق گورنر مہتاب عباسی، جعفر حسین، حاجی شیر اکبر خان، عبداللہ حمید گل، سینیٹر جان محمد جمالی، سلیم سیف اللہ خان، انور سیف اللہ خان، سید افتخار حسین گیلانی، آئی جی کے پی کے ثناء اللہ عباسی، چوہدری مسعود، ڈاکٹر جمال ناصر اور راجہ ناصر سمیت دیگر موجود تھے۔