• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارت خانہ پاکستان میڈرڈ اور قونصل خانہ بارسلونا میں یومِ پاکستان کی تقریبات

81ویں یومِ پاکستان کے موقع پر سفارتخانہ پاکستان میڈرڈ میں ایک پروقار تقریب پرچم کشائی کا انعقاد کیا گیا۔ سفارتخانہ کی ناظم الامور محترمہ عائزہ شجاعت نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر اسپین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بھی خاصی تعداد موجود تھی۔

ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر احمد عفان نے حاضرین تک صدرِ پاکستان کا پیغام پہنچایا جبکہ ناظم الامور محترمہ عائزہ شجاعت نے پاکستانی کمیونٹی کو وزیر اعظم پاکستان کا پیغام پہنچایا۔

عائزہ شجاعت نے اس امر پر زور دیا کہ اس دن کو مناتے ہوئے، قائدِاعظم محمد علی جناح کے بتائے گئے اصولوں، اتحاد، ایمان اور تنظیم پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

اس دن کی مناسبت سے بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہن بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کیا گیا۔

کورونا وباء کے دوران صحت کے شعبے سے منسلک کارکنان اور اداروں کی انتھک خدمت اور کوششوں کو بھی سراہا گیا جنھوں نے اس بحران کے دوران قوم کی بے لوث خدمت کی۔

حاضرین محفل نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔

اسی طرح قونصلیٹ جنرل آف پاکستان بارسلونا میں بھی تقریب پرچم کشائی ہوئی قونصل جنرل عمران علی چوہدری نے پاکستانی پرچم فضا میں بلند کیا، اس کے بعد یومِ پاکستان کی باقاعدہ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، قونصل جنرل نے صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ پاکستان کے آج کے دن کے حوالے سے پیغامات پڑھ کر سنائے۔

قونصل جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائدِاعظم محمد علی جناح نے جس پاکستان کا وجود بنایا تھا آج وہ طاقتور ترین ممالک کی صف میں کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم غلطیاں حکومت کے کھاتے میں ڈالتے ہیں اسی طرح ہمیں مثبت کاموں کو بھی حکومت کے کھاتے میں ڈالنا چاہیے۔

 یوم پاکستان کی تقریب میں او پی سی پنجاب کے کارڈینیٹر برائے اسپین چوہدری امتیاز لوراں نے خصوصی شرکت کی اور پاکستانی کمیونٹی کو پیغام دیا کہ پاکستان میں کوئی مسئلہ ہو اب وہ ہم مل جل کر اسی قونصل خانے میں بیٹھ کرحل کرنے کی کوشش کریں گے۔

اس موقع پر پاکستان ڈے کے عنوان سے بنائی گئی دستاویزی فلم دکھائی گئی اور ملی نغمات سنائے گئے جس پر تقریب پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

تازہ ترین