اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی کا اشارہ واضح ہے ‘سب کو معلوم ہے کہ بلاول بھٹو نے شریف خاندان کی بات کی ہے‘ماضی میں جرائم پیشہ قبضہ گروپوں کی پشت پناہی کرنے والے آج نیب کی طلبی پر جواب دینے کی بجائے لشکر کشی کی دھمکیاں دے رہے ہیں‘ نوازشریف نے بھی قانون سےراہ فرار اختیار کررکھی ہے۔
جب بھی ان پر سخت وقت آیا ملک سے بھاگ گئے۔ قانون کو گھر کی لونڈی سمجھنے والے سیاست کو ڈھال کے طورپر استعمال کرتے ہیں۔ سارا ملک جانتا ہے کہ یہ کیا تھے اور کیا بن گئے‘انہوں نے جو بھی کیا ہے وہ سب کے سامنے آنا چاہئے‘براڈشیٹ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی ہے اس رپورٹ کا جائزہ مکمل کرنے کے بعد تفصیلات قوم کے سامنے رکھیں گے
رپورٹ کے مطابق ہی قانون اپنا راستہ بنائے گا۔وہ منگل کوایف نائن پارک میں یوم پاکستان کی مناست سے تصویری نمائش سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی خاندان کیلئے نہیں بلکہ عوام کا ہے۔ آج کرپشن کوکرپشن نہیں سمجھا جاتا اور اشرافیہ قانون کا مذاق اڑا رہا ہے ۔
تحریک انصاف اور عمران خان نیا پاکستان کا مقصد لیکر نکلے ہیں سمت درست ہوچکی ہے، ماضی میں جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرکے انہیں بااثر بنا دیا گیا اس کلچر کا بھی خاتمہ کرنا ہے ۔
ہم ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جس میں قانون سب کیلئے مساوی ہو۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ -19 کی پہلی لہر کو جس کامیابی سے شکست دی اس طرح تیسری لہر پر بھی قابو پالیں گے،سنیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بعض عناصراپنی دولت اور جائیدادیں بچانے کیلئے برسرپیکار ہیں۔