کراچی(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انکی جماعت آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے ،پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی پر کوئی سوال نہیں ہے،چیئرمین سینیٹ کا الیکشن چوری کرنے کیلئے پریذائیڈنگ افسر کے ذریعےغلط کھیل کھیلا گیا۔
معاملہ پارلیمنٹ کی کارروائی کا نہیں انتخاب کا تھا، قانون کی بالادستی کیلئے پر فورمز پر جائینگے، گو کہ آئین ہمیں پارلیمان کی کارروائی پر سوال اٹھانے سے روکتا ہے، لیکن پریذائیڈنگ افسرنے جو کچھ کیا یہ پارلیمانی کارروائی نہیں ووٹ کی چوری تھی۔
اپنے ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہماری پارٹی آئین اور پارلیمان کی بالادستی میں یقین رکھتی ہے لیکن پولنگ اسٹیشن پر پولنگ عمل کو پارلیمانی کارروائی قرار نہیں دیا جاسکتا۔
سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے پریذائیڈنگ افسر کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جو اس نے سینیٹ کی پولنگ اسٹیشن میں دیا تھا، پریذائیڈنگ افسر نے 7 ووٹ یہ نشاندہی کرتے ہوئے مسترد کیئے تھے کہ یہ یوسف رضا گیلانی کو ملے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بالا فورم سے رجوع کرنا ہمارا حق ہے، جو ہم انصاف حاصل کرنے کیلئے استعمال کرینگے گو کہ آئین ہمیں پارلیمان کی کارروائی پر سوال اٹھانے سے روکتا ہے۔