لندن (جنگ نیوز) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ حکومت کے مؤثر نیشنل ایکشن پلان سے ملک میں سیکورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اس کی وجہ سے معیشت پائیدار نمو کی حامل نظر آرہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی۔ انہوں نے لنکن ان لندن کے گریٹ ہال میں پاکستان سوسائٹی کے63ویں سالانہ ڈنر میں گیسٹ آف آنر کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں ترقی اور خوشحالی آسکتی ہے، ان کے ساتھ ہائی کمشنر سید ابن عباس موجود تھے۔ وزیر داخلہ نے پاکستان اور برطانوی سرمایہ کاروں کو منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔ وزیر داخلہ نے دونوں ملکوں کے عوام میں قریبی روابط کے لئے سوسائٹی کے کام کو سراہا اور اس کے وفد کو پاکستان جاکر معیشت، سیکورٹی اور اداروں میں مثبت تبدیلی کا جائزہ لینے کی دعوت دی تاکہ وہ برطانوی معاشرے کو اس سے آگاہ کر سکیں۔