• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے عوام کرپشن کیخلاف تحریک انصاف کا ساتھ دیں،شاہ محمود قریشی

نوابشاہ/خیرپور/ سکرنڈ(بیورورپورٹ/نامہ نگاران) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تھر میں بھوک و افلاس سے بچوں کی  اموات حکومت کے منہ پر زوردا ر طمانچہ ہیں ، سندھ کے عوام کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کا ساتھ دیں کیونکہ یہی جماعت ہی عوام کو مایوسی کے اندھیروں  سے نکالے گی ،ترقیاتی فنڈز کا   70 فیصد حصہ کمیشن کی مد میں کھا لیا جاتا ہے ، ہماری مہم جمہوریت نہیں صرف اور صرف کرپشن کو  ڈی ریل کرنے کیلئے  ہے، سندھ میں  طویل عرصے سے کرپٹ لوگوں کی حکمرانی قائم ہے۔ وہ جمعرات کو نواب شاہ،سکرنڈ اور محراب پورمیں  بڑے جلسہ عام  اور اجتماعات  اور ریلیوں سے خطاب کر رہے تھے۔ ایم این اے عارف علوی،حلیم عادل شیخ،گل محمد رند،عبدالحمید مگسی،انیسہ ہارون، سمیرا ملک اور دیگر رہنما بھی انکے ہمراہ تھے۔مختلف شہروں میں ریلی کا والہانہ استقبال کیا گیا  خواتین اور مردوں  نے  قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں اشرافیہ کا چھوٹا سے طبقہ لوٹ کا بازار گرم کئے ہوئے ہے جبکہ غریب و متوسط طبقہ کو اربوں روپے ٹیکس ادا کرنے کے باوجود صحت،تعلیم،اور خوراک جیسی سہولتیں میسر نہیں اور وہ روز بروز غربت اور بیروزگاری کی چکی میں پسا جا رہا ہے۔محراب پورمیں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک پاکستان کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے ملک میں حکمرانوں نے کرپشن کی انتہا کردی ہے،ترقیاتی کام من پسند سیاسی ٹھیکیداروں کو کمیشن کے عیوض دیئے جاتے ہیں اور 70 فیصد کمیشن کی مد میں کھا لیا جاتا ہے باقی 30فیصد منصوبوں پر لگایا جاتا ہے پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے کرپشن سے پاک لوگوں کو ووٹ کے ذریعے آگے لائیں،سینئر صوبائی رہنما حمزہ خان اور ضلعی رہنما ڈاکٹر راشد محمودنے بھی خطاب کیا۔ سکرنڈ میں پی ٹی آئی کے رہنما  و سابق وفاقی سیکریٹری  گل  محمد کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود نے کہا  کہ ہماری مہم جمہوریت  نہیں  صرف اور صرف کرپشن کو  ڈی ریل کرنے کیلئے  ہے ۔جمہوریتکے خلاف کوئی اقدام کیا گیا تو ہم اسکے خلاف متحد ہوں گے۔اگر بھارت یا کسی اور نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم ایک ہوگی انہوں نےکہا کہ وہ پنجاب میں بھی سندھ کی وکالت کریں گے انہوں نے کہا کہ سندھ کے لوگ بھی کرپشن سے تنگ ہیں جہاں طویل عرصے سے کرپٹ لوگوں کی حکمرانی ہے۔خیرپور سے بیورو رپورٹ  کے مطابق شاہ  محمو د قریشی نے چھتری چوک پر جلسے سے خطاب کر تے ہوئے  کہاکہ خیرپو رکے لوگوں نے بتایا ہے کہ سول اسپتال خیرپو رکی دو برس میں عمارت مکمل ہونا تھی جو 7برس میں مکمل نہیں ہوئی انہوں نے کہاکہ سول اسپتال کی عمارت شروع میں60 کروڑ  روپے کی لاگت تھی اور 8بلاک مکمل ہونا تھے لیکن اب ایک ارب 14کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں لیکن 4بلاک مکمل نہیں ہو سکے لوگ کہہ رہے ہیں کہ سول اسپتال کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر بد عنوانیاں اور کرپشن ہو ئی ہے انہوں نے کہاکہ لقمان اوور ہیڈ برج بھی ابھی تک صحیح طور پر نہیں بنی اوور ہیڈ برج کے پلر متعدد بار گرے ہیں جس کے نتیجے میں ایک مزدور جاں بحق ہو چکا ہے جبکہ اوور ہیڈ برج کی تعمیر ناقص اور غیر معیاری ہوئی ہے اوور ہیڈ برج میں بڑے گھپلے ہوئے ہیں ۔  
تازہ ترین