لاہور(نمائندہ جنگ،نیوزڈیسک)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نےکہاہے کہ نیب کے انتقال کے دن گزر گئے،عمران کو جہاں مددد رکار ہوتی نیب آ جاتا، قانون ہوتا تو کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سلیکٹڈ پکڑا جاتا، حکومت کبھی عوام کوووٹ ڈالنے،کبھی میرےساتھ چلنے سےروکنے کیلئے عدالت جاتی ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا نیب ایک پولیٹکل انجینئرنگ کا ادارہ ہے، جو عمران خان کے کہنے پر چلتا ہے اور اسے جب مدد درکار ہوتی ہے وہ آجاتا ہے ، نیب کے پیچھے اصل چہرہ عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کا ہے۔
انہوں نے نیب کی جانب سے ان کی پیشی ملتوی کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر یہ کورونا کی وجہ سے ملتوی کی گئی ہے تو پھر آج ʼسلیکٹڈکورونا میں مبتلا ہونے پر ایک اجلاس کر رہا تھا تو سب سے پہلے وہاں کریک ڈاؤن ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے پوری قوم کے سامنے ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور ڈھٹائی یہ کہ اس کی تصویر بھی نشر کردی۔
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں کوئی قانون ہے تو سب سے پہلے وہاں کارروائی ہونی چاہیے کیوں کہ یہ تو نہیں ہوسکتا کہ صرف اپوزیشن پر قانون کا اطلاق ہو اور ملک پر براجمان لوگوں کو ہرقسم کی آزادی حاصل ہے۔