• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کا احتجاج

پشاور (خصوصی نامہ نگار) حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ پشاور کے زیر اہتمام پیوٹاچوک میں کھلے آسمان "کورونا فری احتجاجی کلاسز "کا انعقاد کیا گیا۔کلاسز میں اسلامی جمعیت طلبہ صوبہ خیبر پختونخوا کے ناظم کلیم اللہ سمیت بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔اس موقع پر تعلیمی اداروں میں طلبہ یونین کی اہمیت کے عنوان سے لیکچر بھی دیا گیا۔احتجاج میں ایس او پیز کا خاص خیال رکھا گیا تمام طلبہ نے ماسک پہنے تھے، سینیٹائزر کا بھی بندوبست کیا گیاتھا۔طلبہ نے اس موقع پر ناکام حکومت اور شفقت ہمیں پڑھنے دو کے نعرے لگائیں۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کلیم اللہ نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع طلبہ کو کسی بھی صورت قابل قبول نہیں،پورا ملک کھلا ہوا ہے لیکن تعلیمی ادارے نوگو ایریاز بنائے گئے ہیںحکومت ایک سوچے سمجھے منصوبہ کے تحت تعلیم کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔کورونا کی پہلی دو لہروں کی وجہ سے طلبہ کا ایک تعلیمی سال ضائع ہوچکا ہے وہ دوسرے تعلیمی سال ضائع ہونے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے اعلان کیا کہ آج صوبے بھر کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ ناظم جامعہ پشاور محمد اسفندیار نے کہا کہ پورا ملک کھل گیا ہے لیکن تعلیمی ادارے بدستور بند ہیں،ایچ ای سی آن لائن نظام تعلیم پر زور دے رہی ہے لیکن ملک کے بیشتر حصوں میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں،طلبہ انٹرنیٹ کے مہنگے پیکجز خریدنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آن لائن کلاسز کو معطل کرکے آن کیمپس کلاسز کا آغاز کیا جائے۔
تازہ ترین