پشاور(لیڈی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) خواتین ونگ کی صوبائی جنرل سیکرٹری فرح خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ملک کی حکمران جماعت مریم نواز کی مقبولیت میں اضافے سے گھبراہٹ کا شکار ہو گئی ہے اور عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے گالم گلوچ پر اتر آئی ہے حکومت اصل مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے الزامات کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے تاہم عوام جان گئے ہیں کہ موجودہ حکمران عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں کیونکہ مہنگائی اور بیروزگاری نے ملک میں ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ فرح خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان صرف دعوے اور وعدے کرتے ہیں جبکہ عملی طور پر کام کرنے سے گریزاں ہیں جس کے باعث حکمران جماعت کے عہدیدار اور کارکنان نالاں ہیں اور دیگر پارٹیوں میں جگہ بنانے کے لئے اڑان بھرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے کیونکہ موجودہ حکومت عوام اور خصوصاً نوجوانوں کو ریلیف دینے کے بجائے ان سے روزگار چھیننے اور مختلف اداروں سے نکالنے پر تلی ہوئی ہے جو سمجھ سے بالاتر ہے سابقہ ادوار میں نوجوانوں کو نوکریاں دی جاتی تھیں جبکہ موجودہ حکومت میں نوکریوں سے لوگوں کو نکال کر منظور نظر افراد کو بھرتی کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔