کراچی کے شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی، جامشورو سے کے ڈی اے 33 تک ٹرانسمیشن لائن مکمل ہوگئی۔
وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے اس اقدام کو تحریک انصاف کی حکومت کی ایک اور کامیابی کے ساتھ اہل کراچی کے لیے اچھی خبر قرار دے دیا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل سے گرمیوں میں کراچی کو نیشنل گرڈ سے 450 میگا واٹ اضافی بجلی دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کراچی کو فراہم کی جانے والی 450 میگا واٹ بجلی پہلے سے فراہم کی جانے والی 800 میگا واٹ کے علاوہ ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ بجلی سپلائی کے لیے جامشورو سے کراچی تک 130 کلو میٹر طویل ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن پر کام مکمل ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن 31 مارچ کو بجلی کی ترسیل کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگی، اس طرح کرچی کو گرمیوں میں مجموعی طور پر 1100 میگا واٹ بجلی ملے گی۔
عمرایوب نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل میں نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور کے۔الیکٹرک کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے منصوبہ رمضان المبارک سے قبل کراچی کے عوام کو گرمیوں میں بجلی فراہم کرنے کے لیے مکمل کیا۔
وفاقی وزیر نے 220 کے وی کی جامشورو ٹرانسمیشن لائن کی تکمیل کو پی ٹی آئی حکومت کے ایک اور وعدے کی تکمیل قرار دیا۔