• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام ان ڈور، آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے دوران 5 اپریل سے ملک بھر میں تمام اِن ڈور، آؤٹ ڈور شادی کی تقاریب و تمام اجتماعات پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا خصوصی اجلاس وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

این سی او سی کے اجلاس کے دوران کورونا وبا کی تیسری لہر، کورونا وائرس کنٹرول  کرنے کے اقدامات، اسمارٹ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے، کورونا وائرس کی تازہ ترین صورتحال اور ایس او پیز پر عملدر آمد کرانے سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے متعلق جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں شادی کی تقاریب، سوشل، کلچرل، سیاسی، جلوسوں سمیت تمام تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی، تمام ان ڈور اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

این سی او سی اعلامیے کے مطابق صوبوں کو کورونا وائرس پھیلاؤ کے ہاٹ اسپاٹ کے نقشے فراہم کرے گی، کورونا وائرس پھیلاؤ کے علاقوں میں 29 مارچ سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، صوبے اس سے پہلے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی لگا سکتے ہیں۔

این سی او سی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ این سی او سی کی جانب سے عائد کی گئی پابندیاں فوری طور پر نافذ العمل ہوں گی،  تمام زمینی، فضائی اور ریلوے کا ڈیٹا دیکھ کر فیصلہ کیا جائے گا، صوبے این سی او سی کی طرف سے دیئے گئے ویکسینیشن کا ٹارگٹ بر وقت پورا کریں۔

اعلامیے کے مطابق  بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کم کرنے کے آپشن کا بھی جائزہ لیا گیا ہے، بین الصوبائی ٹرانسپورٹ سے متعلق حتمی فیصلہ صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

ایس سی او سی کے اجلاس کے دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین سے متلعق بتایا کہ زیادہ انحصار چین اور دیگر ملکوں پر ہے جبکہ چین سے 10 لاکھ 60 ہزار خوراکوں پر مشتمل کھیپ منگل تک آجائے گی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان  کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی ادارے کوویکس سے ایسٹرازینیکا ویکسین ملنے میں مزید تاخیر ہوئی ہے، کوویکس کے ذریعے پاکستان کو مارچ میں ایسٹرازینیکا ویکسین کی 28 لاکھ خوراک ملنا تھیں۔

تازہ ترین