پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما چوہدری منظور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو ہدف تنقید بنالیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران پی پی رہنما نے کہا کہ مریم نواز اور ن لیگ والے ایک دن الزام لگاتے ہیں اور اگلے ہی دن بھائی کہہ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اپنی پارٹی میں جو مرضی کریں ہمارا اُن سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
پی پی رہنما نے مسلم لیگ ن پر تحریک انصاف کی پنجاب حکومت کی پشت پر کھڑے ہونے کا الزام بھی لگایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جو نااہلی ہو رہی ہے، عمران خان کے ساتھ ن لیگ بھی اس میں شامل ہے۔
چوہدری منظور نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کو عمران خان اور پنجاب کی بڑی اپوزیشن جماعت ن لیگ برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ پیپلز پارٹی کیوں وزیراعلیٰ پنجاب بدلنا چاہتی ہے؟ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہمارے 7 ووٹوں سے وزیراعلیٰ نہیں بن سکتا۔
پی پی رہنما نے کہا کہ پنجاب کی حکومت گرجائے تو وفاق میں عمران خان کی حکومت ایک ٹھوکر کی مار ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک میں مافیاز اور نااہلوں کی حکومت ہے، عمران خان کا پورا ٹولہ ہی ناہل ہے۔