• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،2 ہزار لیٹر سے زیادہ جعلی اور زائد المعیاد مشروبات برآمد

پشاور ( جنگ نیوز )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے چارسدہ کے علاقے سرڈھیری بازار اور نوے کلی اپر کرم میں کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار لیٹر سے زیادہ جعلی اور زائد المعیاد مشروبات برآمد کرلئے۔ کارروائی ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر کی گئی، جس کے دوران متعلقہ دکانداروں کے خلاف جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ کئی دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اپر کرم میں کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں غیر معیاری ائس کریم بھی تلف کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق کاروائی کے دوران جنرل سٹورز ہوٹلز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس کے وزٹ کئے گئے، دکانداروں کو فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ایس او پیز کے حوالے سے اگاہی اور حفظان صحت کے اصولوں پر عمل کرنے کی ہدایات کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا۔ مردان کے علاقے محب بانڈہ میں خوراک سے وابستہ مختلف کاروباروں کا معائنہ کیا گیا، کارروائی کے دوران ایک دکان سے بھاری مقدار میں ممنوع چائنہ سالٹ برآمد کیا گیا، جبکہ کئی ہوٹلز کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق لکی مروت میں جنرل اسٹورز اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔ کارروائی کے دوران مختلف دکانوں سے 50 کلو سے زائد غیر معیاری اور زائد المعیاد اشیاء خوردنوش برآمد کر لئے گئے ۔
تازہ ترین