• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومتی اعداد و شمار سے زیادہ لوگ متاثر ہیں، ڈاکٹر قیصر

سیکریٹری جنرل پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈاکٹر قیصر سجاد کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر بہت خطرناک ہے، جو تعداد حکومت بتا رہی ہے اس سے کہیں زیادہ لوگ متاثر ہیں۔

ڈاکٹر قیصر سجاد کا اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز میں ایک دم سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے۔

سیکریٹری جنرل پی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب اور کے پی میں کورونا وائرس کے باعث صورتحال خراب ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 2 فیصد تک جاپہنچی ہے، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید4 ہزار525 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2ہزار268 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار256ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ59ہزار116ہو چکی ہے۔

تازہ ترین