• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیسز، پمز انتظامیہ کا ریڈ الرٹ جاری


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس (پمز) اسپتال کی انتظامیہ نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد کے مطابق کورونا مریضوں کے علاج کیلئے 15 سرکاری اور نجی اسپتال مختص کیے گئے ہیں ، کورونا مریضوں کے لئے مختص تین اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز مکمل بھر گئے ہیں۔

ڈی ایچ او کا کہنا ہے کہ کورونا مریضوں کے لئے مختص 4 اسپتال میں وینٹی لیٹرز بھر گئے ہیں، مزید گنجائش نہیں ہے، پمز اسپتال میں 163 آکسیجن بیڈز میں سے 120 کورونا مریضوں سے بھر گئے ہیں۔

ڈی ایچ او نے بتایا کہ متعدی بیماریوں کیلئے قائم آئی ایچ آئی ٹی سی اسپتال میں 70 آکسیجن بیڈزمیں سے 50 پر کورونا مریض ہیں، پولی کلینک اسپتال میں 27 آکسیجن بیڈز میں سے 24 پر کورونا مریض زیر علاج ہیں جبکہ سی ڈی اے اسپتال میں سے 43 آکسیجن بیڈز میں سے 32 پر کورونا مریض ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق مجموعی طور پراسلام آباد میں کورونا مریضوں کیلئے 64 فیصد وینٹی لیٹرز مریضوں سے بھرگئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ہیلتھ کئیر ورکرز کی ویکسین رجسٹریشن روک دی گئی ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کی ویکسین رجسٹریشن ایک ہفتے سے رکی ہوئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او)کا کہنا ہے کہ ہیلتھ کئیر ورکرز کو ویکسین رجسٹریشن کے لیے ڈیڑھ ماہ سے زیادہ وقت دیا گیا تھا، اب ہیلتھ کیئر ورکرز کو اسپتال جا کر رجسٹریشن کے لیے کہا گیاہے ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 2 فیصد تک جاپہنچی ہے، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید4 ہزار525 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 41 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2ہزار268 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار256ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ59ہزار116ہو چکی ہے۔

تازہ ترین