وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ہٹانے والے خود پیچھے ہٹ گئے ہیں، پی ڈی ایم میں اختلاف نہ حکومت کی کامیابی ہے نہ حکومت کا اس میں ہاتھ ہے، دعا ہے مریم نواز اور مولانا فضل الرحمٰن کو اللّٰہ صحت دے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ اسلام آباد میں ہر 15 دن میں ایک پارک کا افتتاح کریں گے، عمران خان کی قیادت میں اسلام آباد گارڈن سٹی بن جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل ہوتی رہتی ہے، وزیر وزیر ہوتا ہے، چاہے اِس وزارت میں ہو یا اُس وزارت میں، عمران خان جہاں کہیں گے میں وہیں کھیلوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں اختلاف اپوزیشن کی نااہلی ہے، ن لیگ اور پی پی پی ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہوچکی ہے، اب اصل فیصلہ مولانا فضل الرحمٰن کا ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ اسمبلیوں میں آئیں، عمران خان ان سے نہیں جانے والا، آئینی ریفارمز کریں عمران خان آپ سے باہر نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن این سی او سی کا کام ہے میرا کام نہیں ہے، اگر مجھے کہا جائے گا تو میں لاک ڈاؤن پر عملدر آمد کراؤں گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ تمام لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے، میرا اپوزیشن لیڈر تیرا اپوزیشن لیڈر کرتے کرتے ان کا کام ہوگیا، عمران خان کے خلاف کھڑی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آخری سال الیکشن کا ہوگا، ہم نے کام کرنا ہے، عمران خان نے کہا کہ کام کریں۔