کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے تمام صوبوں کو خط لکھ دیا۔
اسد عمر نے اپنے خط میں کہا کہ کورونا وائرس کی موجودہ لہر تیزی سے پھیل رہی ہے، ملک میں مثبت کیسز کی شرح خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے لکھا کہ این سی او سی وفاق کی تمام اکائیوں سے مشاورت کررہی ہے، موجودہ حالات پر این سی او سی نظر رکھے ہوئے ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فیصلے کئے گئے ہیں، کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران وفاقی اکائیوں نے بہتر کارکردگی دکھائی۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کئے ہیں، کورونا کی تیسری لہر میں ایس او پیز پر عمل درآمد کمزور ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی کے فیصلوں کی خلاف ورزیاں نظر آئی ہیں، این سی او سی کے فیصلے، سیاسی اور سماجی اجتماعات میں خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ بڑھ رہا ہے، این سی او سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے تمام انتظامی اقدامات کیے جائیں، امید ہے ٹھوس اقدامات سے کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پاسکتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ گزارش ہے کہ این سی او سی کی ہدایات پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنائیں، عوامی اجتماعات سے متعلق ہدایات پر عملدرآمد کریں، اجتماعی کاوشوں سے وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔