• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہمیشہ کیلئے علیحدہ ہوچکے، شیخ رشید

پیپلز پارٹی اور ن لیگ ہمیشہ کیلئے علیحدہ ہوچکے، شیخ رشید 


اسلام آباد ( نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہےکہ عمران خان کیخلاف کھڑی اپوزیشن ٹکڑے ٹکڑے ہوگئی ہے، میرا اور تیرا اپوزیشن لیڈر کرتے کرتے انکا کام ہوگیا۔اسلام آباد ایکسپریس وے پر قائداعظم کے یاد گاری پوٹریٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران کو ہٹانے کیلئے اکٹھے ہونے والے خود بکھر گئے، پی ڈی ایم میں اختلاف نہ حکومت کی کامیابی ہے نہ حکومت کا اس میں ہاتھ ہے ، عمران خان ان سے نہیں جانے والا، پی ڈی ایم میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی ہمیشہ کے لیے علیحدہ ہوچکی ہے، اب اصل فیصلہ مولانا فضل الرحمٰن کا ہے، ہماری کسی سے کوئی ناراضی نہیں ہے،شیخ رشیدنےاپوزیشن کو اسمبلیوں میں آنے اور انتخابی اصلاحات کرنے کا مشورہ دیتے ہوئےکہا کہ آئینی ریفارمز کریں عمران خان آپ سے باہر نہیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن این سی او سی کا کام ہے میرا کام نہیں ہے، اگر مجھے کہا جائے گا تو میں لاک ڈاؤن پر عمل درآمد کراؤں گا،کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اسلام آباد ایکسپریس وے پرقائداعظم پوٹریٹ کی تعمیر نو کی گئی،60 دن کے اندر اندر قائد اعظم کی آرکائیو بنائیں گے، اسلام آباد کے ہرپارک کو پندرہ روزکےبعد رینویٹ کریں گے، شہر کو باغوں اور پارکوں کا شہر بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ سارے عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوئے اور ٹھس ہو گئے، وقت ہے کہ انتخابی اصلاحات کریں ، کابینہ میں ردوبدل ہوتا رہتا ہے، کسی بھی وزارت میں ہوں وہ وزیر ہی ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان سیاست کا بھی کپتان ہے انہی کے ساتھ کھڑا ہو ں، عمران خان کے ساتھ آیا ہوں اور ساتھ ہی جائوں گا، وزیرِاعظم نے کور کمیٹی، ترجمانوں اوروزرا سے کہا ہے کہ وقت کم ہے کام کریں، چینی سکینڈلز کو شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں ، میں اپنی وزارت میں دخل اندازی کرنے دیتا ہوں نہ کسی کی وزارت میں دخل اندازی کرتا ہوں، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میڈیا سٹی بنا رہے ہیں۔ رمضان میں اس کا علان کروں گا۔ آپ کو افطاری بھی دوں گا۔ جن صحافیوں کو اب تک پلاٹ نہیں ملے انہیں پلاٹ بھی دیے جائیں گے لیکن پیسوں پر ملیں گے۔میڈیا سٹی میں ٹی وی چینلز ایک جگہ اکھٹے کردیں گے۔ انہیں بھی پیسوں پر پلاٹ دیں گے ۔کل ایپس لا رہے ہیں۔ ایف آئی اے میں ایک جگہ پر 18سال سے بیٹھے افسران کو تبدیل کر رہے ہیں اور ان کی جگہ دوسرے افسران کو لگا رہے ہیں ،ان کے انٹرویو ہوچکے ہیں اور جو افسران باہر بیٹھے ہوئے ہیں انہیں بھی یہاں بلارہے ہیں، قائد اعظم نے جو افکار دیے ان پر عمل کریں گے۔

تازہ ترین