مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے متعلق کیے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کرتے ہوئےکہا کہ میں توجیل میں ہوں، مجھے باہر کےحالات کا علم نہیں۔
میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے عدالت پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی گئی۔
اس دوران صحافی نے شہباز شریف سے سوال کا کہ کیا پی ڈی ایم آگے چلے گی؟ جس پر شہباز شریف نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مجھےباہر کےحالات کا علم نہیں ، میں تو کوٹ لکھپت جیل میں ہوں مجھ سے جیل کے حالات کا پوچھیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں نے پاکستانی قوم کے اربوں روپے بچائے ہیں، درخواست ضمانت میں تمام الزامات کا جواب دیا ہے، بیٹوں کی شوگر ملوں کو ایک روپے کا فائدہ نہیں دیا۔
شہبازشریف سے ایک اور سوال میں پوچھا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں تبدیلی کی بات ہو رہی ہے، تبدیلی آنی چاہیے؟
جس پر شہباز شریف نے جواب میں کہا کہ بھائی میں اپنے کیس کا رونا رو رہا ہوں مجھے کیا پتہ، میں تونیب کے الزامات پر عدالتوں میں بتا رہا ہوں، کرپشن نہیں کی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایک پائی کی بھی کرپشن کی ہے تو قصور وار ہوں ، میٹرو بس اور اورنج لائن چل رہی ہیں، کوئی کرپشن نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ بی آرٹی کاحال دیکھ لیں، کرپشن پھر کہاں ہوئی بی آر ٹی یا اورنج لائن ٹرین میں۔