• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایل ڈی اے طرز پر ملتان میں 800 اپارٹمنٹس تعمیر ہونگے

ملتان (سٹاف رپورٹر) نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ایل ڈی اے اپارٹمنٹس کی طرز پر ملتان میں 800 اپارٹمنٹس تعمیر کیے جائیں گے۔ یہ 3 مرلہ اپارٹمنٹس پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کی مدنی چوک میں واقع 2 ایکڑ اراضی پر تعمیر ہوں گے۔ یہ بات وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے پھاٹا بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں سیکرٹری ہاؤسنگ (ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ) لیاقت علی چٹھہ، ڈی جی پھاٹا آصف چوہدری،جنرل سیکرٹری ہاؤسنگ ٹاسک فورس عاطف ایوب، بورڈ ممبر شیخ امتیاز، ڈپٹی ڈائریکٹر ابوبکر اور دیگر شریک ہوئے۔اجلاس میں ملتان اور راولپنڈی میں دو کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جن کے 20 فیصد پلاٹس نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت مختص کئے جائیں گے۔ میاں محمود الرشید نے اس موقع پر کہا کہ پھاٹا میں بلڈرز اور ڈویلپرز کی ہاؤسنگ سکیموں کی منظوری کا کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔ نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں بلڈرز اور ڈویلپرز کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ اجلاس نے مختلف اضلاع میں پھاٹا کے زیرانتظام ترقیاتی سکیموں کی منظوری پرتبادلہ خیال کیا۔
تازہ ترین